وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان غیرقانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستان قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بہت جلد کشمیر سے بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہوگا اور کشمیری عوام کو غلامی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے وعدہ پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور بین الاقوامی ادارے خطے میں بھارتی سامراجیت کے خلاف آواز بلند کریں۔