وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ڈی ایف) اور حکومتی اداروں (ایس او ایز) کے حوالہ سے وزارت خزانہ میں اجلاس کا انعقاد ہوا۔
ہفتہ کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کے کردار اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سرکاری اداروں میں گورننس کی بہتری کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالہ سے پی ڈی ایف کی ری سٹرکچرنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی ڈی ایف کے کردار کے ازسرنو تعین اور ایس او ایز میں بزنس پلان، گورننس کی صورتحال اور مالیاتی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت پر دیا تاکہ عوامی اثاثوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبہ کے کاروباری اداروں میں احتساب کے نظریہ کو بھی فروغ دیا جاسکے۔