پاکستان نے تیز رابطہ کاری کے ذریعے خطے کی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بات کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر Pornchai Danvivathana پاکستان میں ہیں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان نے ایشین کو آپریشن ڈائیلاگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ کثیر جہتی اور باہمی مفاد کے تعلقات کی خواہش کو دہرایا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل Rafeal Grossi اگلے بدھ سے دو دن کے لئے پاکستان آئیں گے اور صحت، توانائی، بجلی پیدا کرنے اور صنعتی ترقی کے عمل میں جوہری تکنیک استعمال کرنے والے اداروں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ سماجی، معاشی ترقی کے لئے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے لئے تعاون کو بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جاری صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے لئے مقبوضہ علاقے میں بے دخلی کی مہم چلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی عمل کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتا اور پاکستان حق خودارادیت کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ زلزلے کے بعد شام اور ترکیے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم وہاں پر حکام سے رابطے میں ہیں اور اب تک وہاں پر کسی بھی پاکستانی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔