چینی وزیر اعظم لی کھ چھیانگ نے برطانوی تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ چین برطانیہ دوستی کے فروغ کیلئے دو طرفہ تعاون کو زیادہ سے زیادہ سے مضبو ط بنائیں۔
برطانیہ کےدارالحکومت لندن میں قائم تجارتی تنظیم 48 گروپ کلب کے نام ارسال کردہ اپنے ایک تہنیتی پیغا م میں اُنہوں نے کہا کہ آج سے 70سال پہلے برطانوی تاجر برادری نے دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین اور برطانیہ کے درمیان د و طرفہ تجارتی تعلقات کی بنیاد رکھی تھی۔
اُن کا کہناتھا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بین الاقوامی اور علاقائی حالات پیچیدہ اور سنگین تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں اور جغرافیائی سیاست، عالمی معیشت، موسمیاتی تبدیلی، خوراک اور توانائی کی سلامتی اور دیگر شعبوں کو شدید خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ چین پر امن ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اصلاحات اور کھلے پن کی بنیادی ریاستی پالیسی کو برقرار رکھتا ہے اور عالمی امن کے تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے