وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت غیرملکی زیر تسلط علاقوں میں خواتین کے خلاف جرائم کی مانیٹرنگ کی روک تھام اور نگران کا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلیٰ سطح کے ایک مباحثے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر گھناؤنے جرائم اور وحشیانہ مظالم غیرملکی زیر تسلط علاقوں میں ہوتے ہیں جہاں لوگوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا جاتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امن و سلامتی کا قیام اس وقت تک ادھورا رہے گا جب تک غیرقانونی زیر تسلط علاقوں میں خواتین کی حالت زار اور انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیا جاتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں وحشیانہ مظالم اور تشدد کا مقصد شہری آبادی کے حقوق کو دبانا ہے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے عیاں ہے۔