افغانستان میں تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، ازبک وزیر خارجہ
ازبکستان میں منعقدہ 6 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مغربی ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ افغانستان میں غربت کے خاتمے، اساتذہ اور ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی ادائیگی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے 7 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے فی الفور بحال کئے جائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اجلاس روس اور افغانستان کی سرحد سے متصل 6 ممالک چین، پاکستان، ایران، ازبکستان، تاجکستان اور ترکمانستان کے ایک فورم کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے۔ اس فورم کو جنگ زدہ ملک افغانستان میں طویل المدتی امن کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیلئے قائم کیا گیا تھا۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ملک ازبکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں، جبکہ حکومت اساتذہ اور ڈاکٹرز کی تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہے۔ اجلاس کا شرکاء کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مسائل زیادہ اور وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں۔