فہیم اشرف کی ملتان سلطانز کے خلاف اننگز قابلِ فخر تھی، اظہر محمود
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے فہیم اشرف کو پاکستان کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیدیا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 7 مارچ کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گئے پی ایس ایل کے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف نے جس طرح کی اننگز کھیلی وہ قابلِ فخر تھی۔
اظہر محمود نے کہا کہ ٹیم صرف اعظم خان اور آصف علی پر انحصار کرنے کے بجائے ایک یونٹ بن کر کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف نے میچ کے اختتامی اوورز میں محمد الیاس کی 5 گیندوں پر 19 رنز بناکر ٹیم کو ناقابلِ یقین انداز میں فتح سے ہمکنار کیا۔
واضح رہے کہ 7 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ایک گیند قبل ٹارگٹ حاصل کرلیا تھا۔