گزشتہ مالی سال کے دوران دوطرفہ تجارتی حجم تقریباً 10 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ رہا
وفاقی وزیر تجارت سید نویدقمر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قابل تجدید توانائی، زراعت، مویشی بانی، پارچہ بافی، گوشت، پیٹرولیم اور مہمان نوازی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مجموعی تجارت کا حجم تقریباً 10 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ رہا، جس میں متحدہ عرب امارات کیلئے برآمدات ایک ارب 36 کروڑ 98 لاکھ، جبکہ درآمدات 8 ارب 66 کروڑ 32 لاکھ ڈالر سے زائد رہیں۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وفاقی وزیر کے نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، تاریخی اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں جنہیں دوطرفہ تجارت میں اضافے کے ذریعےمزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔