اس کارروائی کا آغاز آئی جی سندھ اپنی منصوبہ بندی سے کریں گے، سید مراد علی شاہ
سندھ کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی جائے گی، جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے ہمراہ رینجرز اور فوج کے جوان بھی حصہ لیں گے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس کارروائی کا آغاز آئی جی سندھ اپنی منصوبہ بندی سے کریں گے۔
کراچی میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ پولیس نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو فوجی معیار کے اسلحہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کو جدید اسلحہ کی خریداری کی سفارش 5 جنوری کے اجلاس میں کی گئی تھی، جبکہ اسلحہ کیلئے 2 ارب 70 کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔
صوبائی کابینہ نے اس ضمن میں مطلوبہ رقم فراہم کرنے کی منظوری دیدی، جس کے بعد حکومتِ سندھ اسلحہ کی خریداری کیلئے وزارت داخلہ سے این او سی حاصل کرے گی۔