نیب آرڈیننس کی شق 4 اور 5 میں ترمیم کی گئی ہے، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نیب کے ترمیمی آرڈیننس کے تحت عدالتِ احتساب نیب کے دائرہ اختیار میں نہ آنے والے مقدمات کو متعلقہ اداروں کے حوالے کرسکتی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی شق 4 اور 5 میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت چیئرمین کی عدم موجودگی میں ڈپٹی چیئرمین کو بطور قائم مقام چیئرمین مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔
وزیر قانون نے بتایا کہ نیب کی ترامیم کے تحت عدالت کو اختیار دیا گیا ہے کہ جو مقدمہ نیب کے دائرہ اختیار سےباہر ہو اسے ایف آئی اے اور محکمہ انسدادِ بدعنوانی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جاسکتا ہے، جبکہ متعلقہ تفتیشی ادارہ اس مقدمے سے متعلق موجودہ شواہد کے باوجود ازسرنو بھی تحقیقات کر سکتا ہے۔