وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کیلئے فوری طور پر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ سکیموں کیلئے فنڈز کی منظوری ای سی سی اور دیگر فورمز سے جلد کروائی جائے، حکومت انضمام شدہ فاٹا اضلاع کی ترجیحی بنیادوں پر ترقی کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے ارکان قومی اسمبلی کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری، ارکان قومی اسمبلی مولانا جمال الدین، علی وزیر، محسن داوڑ کے علاوہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے معاشی طور پر کمزور علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
وفد نے وزیراعظم کو متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔