چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے ہیں کہ ایمرجنسی نافذ کر کے ہی الیکشن ملتوی کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ ریمارکس پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ملتوی کر نے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کے دوران دیے۔ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 5 رکنی لارجر بینچ نے آج دوبارہ سماعت کی۔
بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اس وقت مقدمہ تاریخ دینے کا نہیں بلکہ منسوخ کرنےکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے انتخابات ضروری ہیں، دو معزز ججز نے فیصلہ دیا ہے اور ان دو ججز کی اپنی رائے ہے تاہم اس کا موجودہ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایک سنجیدہ معاملے کو بائی پاس نہیں کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بینچ کے ارکان درخواست میں اٹھائے گئے سوالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار درخواست تک محدود نہیں ہوتا۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان نے فل کورٹ بنانےکی استدعا کر تے ہو ئے کہا کہ درخواست ہے کہ یہ اہم معاملہ ہے اور بینچ مناسب سمجھے تو فل کورٹ بنا دے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 29 مارچ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔