چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 20.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات اورسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے فروری تک چاول کی برآمد سے ملک کو 1.321 ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 20.59 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمد سے ملک کو 1.593 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری میں چاول کی برآمد کا حجم 146.66 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو جنوری میں 168.81 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 258.49 میلین ڈالر تھا۔ مالی سال 2022 میں چاول کی برآمدات سے ملک کو 2.760 ارب ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں باسمتی چاول کی برآمدات سے ملک کو379.47 میلین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.23 فیصدکم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 428.81 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی تافروری 2023 نان باسمتی چاول کی برآمد کا حجم 941.88 میلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.91 فیصدکم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نان باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 1.110 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔