کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر1.1فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو951 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.1فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 961 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ فروری میں کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات کا حجم 103ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 39.5 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال فروری میں کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات کا حجم 171 ملین ڈالر ریکارڈ کیا تھا۔
جنوری کے مقابلے میں فروری میں کیمیکل اورفارما مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر27.8فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جنوری میں کیمیکل اور فارما مصنوعات کی برآمدات کا حجم 143ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہوکر103ملین ڈالر ہوگیا۔