حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں
روس کے دارالحکومت ماسکو پر ڈرون حملے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ روسی رکن پارلیمان میکسم ایوانوف کے مطابق یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے ماسکو پر کیا گیا سب سے سنگین حملہ ہے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کئے گئے اس حملے میں کئی عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں ہنگامی سروسز کے کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں ڈرون حملے کے بعد بعض مکانات کی کھڑکیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشے اور آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
روس کی تفتیشی کمیٹی کا کہنا ہے کہ روسی فضائی دفاع نے 30 مئی کو ماسکو کی طرف بڑھنے والے متعدد ڈرونز مار گرائے ہیں۔