تمام ملزمان 2015ء کے دوران متعدد افراد کے قتل میں ملوث قرار
لیبیا میں داعش کیلئے کام کرنے والے23 افراد کو سزائے موت اور 14 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت کی جانب سے مذکورہ تمام ملزمان کو 2015ء کے دوران متعدد افراد کے قتل میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
ان افراد کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ گروپ میں شمولیت اور اس کے نام پر مظالم ڈھانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ 2015ء میں باغیوں کے ایک گروہ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ایک ہوٹل میں مقیم غیرملکیوں کو قتل کرنے کے بعد ان کے سر قلم کردیئے تھے اور سیرت شہر پر قبضہ بھی کرلیا تھا۔
مقامی اخبار الوسط کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام جنگجوؤں کو 2016ء کے آخر میں بین الاقوامی اتحادی افواج کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جن میں سے چند ملزمان شام، تیونس اور سوڈان سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔