پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنائی جانیوالی فلم ‘پا تھیے گرل’ کی پروڈکشن ٹیم نے ایف ایم 98 دوستی چینل کا دورہ کیا۔
اس موقع پر فلم کے پروڈیوسر شُو پھِنگ نے ایف ایم 98 دوستی چینل کے پروگرام ‘میوزک آن دی وے’ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنائی جانے والی پہلی فلم ہے، جو پاکستان میں نمائش کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ سی چھوان چھنگ چھنگ موو ی کلچر اینڈ میڈیا کو لیمیٹڈ اور ہنر کدہ فلمز آف پاکستان کے ا شتراک سے بننے والی اس فلم کی اسلام آباد کے سنیما گھروں میں نمائش کا آغاز 7 اگست سے کیا جائے گا۔
شُو پِھنگ نے مزید بتایا کہ فلم ‘پا تھیے گرل’ میں 80 فیصد پاکستانی اور 20 فیصد چینی اداکاروں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر نے کہا کہ فلم کی کہانی ایک پاکستانی لڑکی ناسا اور چینی لڑکی لُویَو کی دوستی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے خواب پورے کرنے میں ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں۔
پروگرام کے دوران فلم کے دوسرے پروڈیوسر شیئے پھنگ نے بتایا یہ فلم اسلام آباد، لاہور اور گلگت بلتستان میں قراقرم ہائی وے پر فلمائی گئی ہے اور اسے تقریبا 2 سال میں مکمل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 92 منٹ کے دورانیہ پر مشتمل فلم ‘پا تھیے گرل’ میں اردو، انگریزی اور چینی زبانیں بولی گئی ہیں۔
شیئے پھنگ نے کہا کہ یہ فلم چین میں سال 2018ء میں ریلیز کی جا چکی ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور اس کی عکاسی فلم میں بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس فلم کی سکریننگ پاکستان میں جاری ہے۔