آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ذرائع نقل و حمل کی صنعت سے متعلق انفوڈور میڈیا سیلون تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا، جس کا مقصد سی پیک کے دوسرے مرحلے کے اُمور کو بہتر سے بہتر انداز میں سرانجام دینے کیلئے جامع حکمت عملی پر غور کرنا تھا۔
اس موقع پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے نائب چیئرمین محمد عاصم امین نے چینی نجی کمپنیز کی مالی معاونت سے چلنے والے ملک کے نجی ادارو ں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا۔ تقریب میں چین اور پاکستان کے مختلف تھنک ٹینکس اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نےسی پیک کے دوسرے مرحلے سے متعلق اُٗمور پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ دنیا کے دیگر ممالک یہ جان سکیں کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی حقیقت کیا ہے اور کیسے اس منصوبے سے پاکستانی حکومت اور عوام استفادہ کر رہے ہیں۔
تقریب میں مختلف تھنک ٹینکس،ذرائع ابلاغ اور چینی مالی معاونت سے چلنے والی نجی کمپنیز کے نمائندوں کے درمیان مقامی انجینئرز کی تربیت، ماحول دوست توانائی کے فروغ اور استعمال، چینی اداروں کی سماجی ذمہ داری کی رپورٹوں کے اجراء کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ، تاکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کیلئے ایک مربوط حکمت عملی وضع کی جا سکے۔تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے اس عزم اظہار کیا کہ وہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشٹیو کے مثبت تصور پاک چین دوستی سے متعلق عظیم کہانیوں کا پرچار کرتے رہیں گے ۔
واضح رہے کہ نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی صنعت میں چینی فنڈڈ انٹرپرائزز جیسے پاور کنسٹرکشن، چائنا روڈ اینڈ برج، چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن، چائنا نورینکو، چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن، چائنا ہاربر، چائنا ریلوے، چین اور برازیل کا مین اسٹریم میڈیا، برازیل کی نیشنل ہائی وے ایڈمنسٹریشن، برازیل کی یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔