پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے غوری میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور ٹیکنکل صلاحیتوں کومزید مضبوط کرناہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا حامل یہ میزائل جوہری ہتھیار لے جانے اور 1300 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کم سے کم جوہری دفاعی صلاحیت رکھنے کا مقصد خطہ میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے، میزائل تجربہ سے پاکستان کی کم سے کم دفاعی صلاحیت مضبوط ہو گئی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے غوری میزائل نظام کے کامیاب تجربے پر افواج پاکستان اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔