آج جوعزت ، مقام اور مرتبہ ملا اس کا میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا
پاکستان کے مشہور اور نامور گلوکار عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی اپنے منفرد انداز گلوکاری سے جانے جاتے ہیں اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ آج شوبز میں آنے والوں کوماضی جیسی مشکلات کا زیادہ سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ اب والدین اپنے بچوں کو خود سپورٹ کرتے ہیں انکا ہر طرح سے ساتھ دیتے ہیں اس کے برعکس میں نے جس دور میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا، وہ بڑا کٹھن اور مشکل دور تھا ۔ مجھے گھر والوں کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے باوجود میں نے گانے کے سلسلے کو چھوڑا نہیں بلکہ جاری رکھا ۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں نے مشکلات کا دور دیکھا ہے اور انکا سامنا کیا ہے۔
آج میں جس مقام پر ہوں اس کامیابی کوحاصل کرنے کے لیے مجھے انتھک محنت کرنا پڑی مختلف جگہوں پر ملازمتیں کرنے کے بعدقسمت نے لاہورمیں میرے لئے کامیابی کے دروازے کھول دیئے۔ اس کے بعد مجھے وہ عزت ، مقام اور مرتبہ ملا جس کا میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا ۔ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے سانول کو اسکی مرضی کے مطابق شعبے میں جانے دیا اس کے علاوہ میری بیٹی بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہے اور وہ بھی اپنی مرضی کے شعبے میں جا سکتی ہے میری طرف سے کوئی روک ٹوک نہیں ہے –