گوادر پورٹ میں چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے پانی کو صاف کرنے کا ایک بڑا پلانٹ نصب کیا گیا. یہ پلانٹ نمکیات کو فلٹر کر کے پانی کو پینے کے قابل بنائے گا.
تفصیلات کے مطابق 1 جنوری کو گوادر پورٹ میں پانی میں سے نمکیات کو فلٹر کرنے والا ایک میگا پلانٹ نصب کیا گیا ہے. اس پلانٹ کا افتتاح پورٹس و شپنگ کے وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے کیا. یہ نیا نصب شدہ پلانٹ 254،000 گیلن پانی صاف کرنے کی اہلیت رکھتا ہے. چینی کمپنی نے اس پلانٹ کو ریکارڈ مدت میں نصب کیا.
اس موقع پر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبوں کے تحت 2018ء گوادر کے لوگوں کے لئے ایک بہترین سال ثابت ہوگا، کیونکہ یہاں کے لوگ بلوچستان کی ترقی کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے لوگ گزشتہ کئی ماہ سے گندا پانی پینے پر مجبور تھے لیکن اب اس پلانٹ کے آنے سے صاف پانی وافر مقدار میں ملے گا.
میر حاصل خان بزنجو نے یہ بھی کہا کہ پانی صاف کرنے والے پلانٹ کا یہاں نصب ہونا پاک-چین دوستی کا مظہر ہے اور سی پیک کی جانب سے گوادر کی عوام کے لئے ایک قیمتی تحفہ ہے. سینیٹر بزنجو نے گوادر پورٹ اتھارٹی اور چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو بھی سراہا.