تازہ ترین

سال نو کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام!

یکم جنوری دو ہزار انیس کو چائنا میڈیا گروپ کے سربراہ شنگ ہائی شیونگ نے ریڈیو اور انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں موجود ہمارے ناظرین و سامعین کو نئے سال کی مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے لئے چین کی خبروں اور چین میں دنیا بھر کی خبروں کی نشر و اشاعت کے کام کے ساتھ ساتھ دنیا کے تمام ممالک کےعوام کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہمیشہ سے چائنا میڈیا گروپ کا اولین فرض اور مشن رہا ہے۔ 2019 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ اس اہم اور تاریخی موقع پر چائنا میڈیا گروپ اپنے سامعین اور ناظرین کو نئے عہد کا اصل اور جامع چین دکھائے گا۔ آئیے آپ کی سماعتوں کی نذر کرتے ہیں چائنا میڈیا گروپ کے سربراہ شنگ ہائی شیونگ کا تہنیتی پیغام:
عزیز دوستو:
نئے سال کے سورج کی پہلی سنہری کرن کی روشنی کے ساتھ ہی میں چائنا میڈیا گروپ کے تمام ساتھیوں اور دنیا بھر میں موجود ہمارے سامعین و ناظرین کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
آج سے تیرہ سو سال قبل چین کےتھانگ شاہی خاندان کے دور کے عظیم شاعر وانگ بو نے اپنے ایک شعر میں کہا تھا کہ سمندر پار ہمارے گہرے دوست موجود ہیں۔ فاصلے کتنے ہی زیادہ کیوں نہ ہوں یہ لوگ ہمیں اپنے دل کے قریب محسوس ہوتے ہیں۔ میں اسی شعر کو اظہار خیال کا ذریعہ بناتے ہوئےاس خصوصی موقع پر اپنے دوستوں کے لئے ایسے ہی جذبات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔
آپ کے لئے چائنا میڈیا گروپ کا لفظ شاید غیر مانوس ہو۔ اس لفظ کی تاریخ کچھ زیادہ پرانی نہیں ہے۔ گذشتہ سال مارچ کے مہینے میں چائنا ریڈیو انٹرنیشنل، چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن اور چائنا نیشنل ریڈیو کو ایک ساتھ ملا کر چائنا میڈیا گروپ کے نام سے ایک ادارہ بنا دیا گیا تھا۔ اُس وقت ہمارے ارجنٹائن کے سامع ریکارڈو ہیوترا نے فیس بک پر تحریر کیا کہ ” چائنا میڈیا گروپ کے قیام کی مبارک باد ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میرے لئے چین ایک پرکشش اور خوبصورت ملک ہے اور بطور ایک سامع، میں دوستی کے معنی کو بہتر سمجھ گیا “۔
اس موقع پر میں اپنے تمام نئے اور پرانے دوستوں کی مخلصانہ حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، ہم اپنے ابتدائی اہداف کو کسی طور پر فراموش نہیں کرسکتے۔ نیا تشکیل کردہ چائنا میڈیا گروپ اپنے فرائض کو سمجھتے ہوئے دنیا بھر کے لئے چین کے حوالے سے رپورٹنگ، چین میں دنیا بھر کی خبروں اور دنیا کے تمام ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے سامعین و ناظرین ہماری ان کوششوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کریں گے ۔
چینی صدر مملکت شی جن پھنگ کا کہنا ہے کہ چین کی ترقی دنیا سے الگ نہیں ہو سکتی جبکہ دنیا کی خوشحالی بھی چین سے تعلق رکھتی ہے ۔ گزشتہ سال ہم نے چین اور دوسرے ممالک کے درمیان تبادلوں میں اضافے کے لئے کیمرے ، مائیکروفون اور قلم کے ذریعے دل و جان سے کوشش کی ۔ چین میں اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی کے نفاذ کے چالیس سال ،چین کی پہلی بین الاقوامی درآمدی ایکسپو اور چین افریقہ تعاون کے فورم سمیت دیگر سرگرمیوں کی بھر پور کوریج کی گئی۔ ہم نے تجارت کی آزادی اور اقتصادی یکجہتی کو آگے بڑھانے کے بارے میں منصفانہ رپورٹیں پیش کیں ۔ علاوہ ازیں ہم نے ایپیک سمٹ اور جی ٹوینٹی سمٹ کے انعقاد کے دوران بارہا اپنے مؤقف کا اظہار کیا جو عالمی سطح پر عمومی طور پر قابل تسلیم ہے ۔ ہم نے روس ، اٹلی ، جاپان اور اسپین سمیت دیگر غیر ملکی زبانوں میں ایپس کے ذریعے ان ممالک میں مقیم لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھا ہے ۔
شنگھائی تعاون تنظیم اور چین کی پہلی درآمدی ایکسپو کے دوران ہماری انٹر ایکٹو آن لائن سرگرمیوں نے بہت بڑی تعداد میں مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ بوآو ایشیائی فورم کے تحت ایشیا میڈیا سمٹ اور ہونگ چھیاو بین الاقوامی مالیاتی میڈیا اور تھنک ٹینک فورم کے حوالے سے ہماری کوریج نے دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ اس کے علاوہ افریقہ میں چینی فلم فیسٹیول، چائنا تھیڑ اور “میں چین کا پرستار ہوں” سمیت دیگر سرگرمیوں کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ لوگ چین سے محبت کرنے لگے اور چین کے مداح بن گئے۔
سن دو ہزار انیس میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔ چائنا میڈیا گروپ دنیا کو مختلف انداز میں اور مختلف پہلووں سے چین کا صحیح معنوں میں تعارف کروائے گا ۔ نئے سال کے دوران ہم ایک بڑی تعداد میں دلکش اور شاندار پروگرامز پیش کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ حقائق کی روشنی میں لوگوں کو بتایا جاسکے کہ چین ” عالمی امن کا معمار ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی ترقی کا اہم شراکت دار اور بین الاقوامی نظم و نسق کا تحفظ کرنے والا ملک بھی ہے “۔ ہم ابلاغ کے پھیلاؤ کے ذرائع کو مزید وسیع کرتے ہوئے فائو جی ، اے آئی ، بگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ سمیت دیگر نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے اعلی معیار کے حامل اہم میڈیا کے قیام کے لئے بھر پور کوشش کریں گے ۔
روس میں ہمارے پرانے دوست، چینی علوم کے ماہر اور مشہور مصنف تافرو فسکی جنہوں نے ” شی جن پھنگ: چینی خواب کی تکمیل کے راستے پر گامزن” کتاب بھی تصنیف فرمائی تھی، چائنا میڈیا گروپ کے نام اپنے پیغام میں لکھتے ہیں کہ مجھے یقین ہے کہ چین کی جانب سے پیش کردہ بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا تصور عالمی ترقی کے لئے مشعل راہ کا کام کر رہا ہے۔
درحقیقت اس کائنات میں یہ کرہ ارض ہی بنی نوع انسان کا واحد مسکن ہے اور تمام ممالک اسی ایک دنیا میں قائم ہیں۔ ہم بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے ، پائیدار امن، مجموعی سلامتی ، مشترکہ خوشحالی ، کھلے پن و اشتراک، صاف اور خوبصورت دنیا کے قیام کے لئے مشترکہ کوشش کریں گے ۔
میں ایک مرتبہ پھر آپ کے لئے نیک تمناؤں کا متمنی ہوں۔
شکریہ ۔

یہ خبر پڑھیئے

رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کے زیادہ امکانات ہیں، ماہر فلکیات

کراچی سمیت پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان المبارک کا چاند بدھ 22 مارچ بمطابق …

اپنا تبصرہ بھیجیں

Show Buttons
Hide Buttons