چین کے صدر مملکت شی چن پھنگ نے اکتیس مارچ کو عرب لیگ کی سربراہی کونسل کے موجودہ چیئرمین تیونیس کے صدر ایسیبسی کے نام ایک تہنیتی پیغام بھیجا جس میں تیسویں عرب لیگ سربراہی کونسل اجلاس کے تیونس میں انعقاد پر مبارکباد دی گئی۔
شی چن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عرب لیگ نے مشرقی وسطی میں امن، استحکام اور ترقی میں پیش رفت، سلگتے ہوئے مسائل کے سیاسی حل اور عرب دنیا کی یکجہتی کے لئے بھر پور کوشش کی ہے اور میں اس کی تعریف کرتا ہوں۔ شی چن پھنگ نے کہا کہ چین اور عرب ممالک کے درمیان گہری روایتی دوستی موجود ہے۔ پچھلے سال جولائی میں چین-عرب تعاون فورم کے آٹھویں وزارتی اجلاس کا بیجنگ میں کامیاب انعقاد ہوا۔ فریقین نے جامع تعاون، مشترکہ ترقی اور مستقبل کا سامنا کرنے کی بنیاد پر اسٹریٹیجک شراکت داری کے تعلقات کے قیام پر اتفاق کیا۔ یہ چین-عرب دوستانہ تعاون کے نئے باب کا آغاز ہے۔ چین عرب ممالک کے ساتھ مل کر کوشش کرنا چاہتا ہے کہ اسٹریٹجک اعتماد، حقیقی تعاون اور افرادی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جائے اور دی بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کی جائے۔