پاکستان نے سعودی عرب میں امن و سلامتی اورحرمین شریفین کے تقدس کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اعادہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ محمد ابراہیم الشیخ کے ساتھ 25 اپریل کو اسلام آباد میں ایک ملاقات میں کیا۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک دوسرے کے قانون سازی کے نظام کو سمجھنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تبادلوں کی اہمیت اجاگر کی۔ وزیراعظم نے پاک-سعودی تعلقات میں حالیہ پیش رفت خاص طور پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے گزشتہ فروری میں پاکستان کے تاریخی دورے پراطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع پر کئے گئے وعدے کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کو جلد رہا کیا جائے گا۔