وزیراعظم عمران خان نے عالمی سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور بنیادی ڈھانچے، ریلوے، ڈیموں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیداواری شعبوں میں سرمایہ لگائیں۔
بیجنگ میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کا اقتصادی منظرنامہ اور اس کے عوام کی حالت بدل رہے ہیں۔ انہوں نے چین کے صدر شی چن پھنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لئے پانچ نکات بھی پیش کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کررہے ہیں- انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات، عوامی سطح پر روابط کے فروغ، سیاحتی راہداریوں کے قیام اور بین الثقافتی روابط، انسداد بدعنوانی کے ادارے اور غربت کے خاتمے کا فنڈ قائم کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید آسانی پیدا کرنے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور مختلف منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ماہی گیری کا چھوٹا ساگاؤں ہوا کرتا تھا جسے تیزی سے تجارتی مرکز میں تبدیل کیا جارہا ہے۔