پاکستان میں چین کے قائمقام سفیر چاؤ لی چیان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کا اہم ترین منصوبہ ہے اور چین کی حکومت اسے بہترین نمونے کے طور پر پیش کررہی ہے۔
ریڈیو پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت مختصر عرصے میں بڑی تعداد میں منصوبے مکمل کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سال میں سی پیک کے تحت گیارہ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ دیگر گیارہ زیر تکمیل ہیں اس کے علاوہ متعدد منصوبے زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی چار ترجیحات ہیں جن میں بجلی گھر، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، گوادر بندرگاہ کی جدت اور صنعتی ترقی شامل ہے۔
چاؤ لی چیان نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ پانچ سال میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے مسائل حل کرنے کے ساتھ صنعتی ترقی کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پاکستان میں مزید صنعتی ترقی پر غور کیا جارہا ہے۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان بھر میں خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کیلئے 9 علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشہ کئی، قائداعظم صنعتی پارک اور دھابیجی اقتصادی زون ترجیحا بنائے جائینگے۔