دورہ ٔ انگلینڈ کے پہلے پریکٹس میچ میں پاکستان نے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ ٹیم کو 100 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کینٹ کیخلاف پاکستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عماد وسیم نے برق رفتار سنچری سکور کی۔ انہوں نے 78 گیندوں پر 117 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ فخر زمان 76 اورحارث سہیل 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔کینٹ کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر عمران قیوم نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
359 رنز کےہدف کے تعاقب میں کینٹ کی ٹیم 44.1 اوورز میں 258 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے 3، فہیم اشرف، فخر زمان اور حسن علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل مقامی کلبوں کے ساتھ مزید تین پریکٹس میچ کھیلے گی۔ پاکستان ،میزبان انگلینڈ کے خلاف دورے کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ مئی کو کھیلے گا جبکہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغازآٹھ مئی سے ہوگا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ تیس مئی سے شروع ہو گا۔