عالمی باغبانی ایکسپو دوہزار انیس کی افتتاحی تقریب کا بیجنگ میں آغاز ہو گیا ہے۔ چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
گیارہ ممالک کے رہنما اور خصوصی ایلچی، متعلقہ عالمی تنظیموں کے سربراہان، صنعتی و کاروباری شخصیات اور باغبانی کے شعبے کے ممتاز ماہرین سمیت تقریباً نو سو افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے قبل چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے دیگر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ عالمی باغبانی ایکسپو میں چینی پویلین کا دورہ کیا ہے۔
باغبانی ایکسپو 2019 انتیس اپریل سے سات اکتوبر تک بیجنگ کے ضلع یئن چھینگ میں منعقد ہو گی۔ ایک سو دس ممالک اور عالمی تنظیمیں ایکسپو میں شرکت کر رہی ہیں۔ چین کے اکتیس صوبائی یونٹوں ، ہانگ کانگ ، مکاؤ اور تائی توان سمیت ایک سو بیس سے زائد ادارے ایکسپو میں شرکت کر رہے ہیں ۔ نمائش کے پیمانے اور شرکت کی تعداد کے لحاظ سے یہ باغبانی ایکسپو ایک نیا ریکارڈ بنا رہی ہے۔ ایکسپو میں پھولوں کی نمائش کے علاوہ ڈھائی ہزار مختلف سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔