وزیر اعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے آج تیسرے پہر مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم کو ڈیم کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
مہمند ڈیم دریائے سوات پر تعمیر کیا جارہا ہے جو ایک سو تراسی ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 2024 تک مکمل ہوگا۔ اس ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بارہ لاکھ ایکڑ فٹ ہوگی۔ مہمند ڈیم کی تکمیل سے آٹھ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور تقریباً سترہ ہزار ایکڑ بنجر اراضی زیر کاشت لائی جاسکے گی۔ اس ڈیم کی تعمیر سے مہمند کے علاقے میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہو گا اور پشاور، چار سدہ اور نوشہرہ کے اضلاع کو سیلاب سے بھی بچایا جاسکے گا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔