حکومت نے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس سروے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک کے مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی ترقی کی ضروریات کا حقیقی معنوں میں اندازہ لگایا جاسکے۔
یہ فیصلہ نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی محمدعثمان ڈاراور منصوبہ بندی کے وزیرمخدوم خسروبختیارکے درمیان ایک ملاقات میں کیا گیا۔
نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس ضلعی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا قومی جائزہ پروگرام ہوگا جس کا مقصد نوجوانوں کی ترقی کے لئے ضروری کوائف اور اعدادوشمارجمع کرناہے۔ اس پروگرام سے نہ صرف نوجوانوں کی سماجی اوراقتصادی ترقی یقینی بنانے میں مدد ملے گی بلکہ صوبوں میں نوجوانوں کی ترقی کے لئے فنڈز خرچ کرنے کے کلچر کو بھی فروغ ملے گا۔ ملاقات میں اس بات پربھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت مجوزہ پروگرام کے دائرہ کار میں اضافہ کرے گی تاکہ ان کے ذریعے سالانہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی ترقی پرتوجہ مرکوز کی جاسکے۔