مصنوعی ذہانت کی تیسری عالمی کانفرنس سولہ تاریخ کو چین کے شہر تھیئن جن میں منعقد ہوئی۔ چینی صدرمملکت شی جن پھنگ نے اس کانفرنس کے انعقاد پر تہنیتی پیغام بھیجا۔
شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت مصنوعی ذہانت کی رہنمائی میں سائنسی و تیکنیکی انقلاب کا نیا دورشروع ہوا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ، بگ ڈیٹا اور سپر حساب سمیت نئی ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعی ذہانت کے معاشی وسماجی ترقی اورعالمی انتظامات پردور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ چین تخلیق اورمصنوعی ذہانت کو بڑی اہمیت دیتا ہے اوراس شعبے کی ترقی کے لیے بھر پور کوشش کر رہا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالمی سطح پر اس شعبے میں تبادلے اور تعاون کا ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ کانفرنس انیس تاریخ تک جاری رہے گی۔ چالیس ممالک اورعلاقوں سے آئے ہوئے نمائندے اس کانفرنس میں شریک ہیں۔