بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش اور چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو کے تحت دونوں ممالک کے دیرپا روابط اور مشترکہ مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک نئے پلیٹ فارم “بنگلہ دیش، چین شاہراہِ ریشم فورم” کا آغاز کر دیا ہے۔
فورم کے آغاز کی اس تقریب میں بنگلہ دیشی وزیرِاعظم کے خارجہ امور کے ایڈوائزر گوہر رضوی، بنگلہ دیش میں تعینات چینی سفیر چانگ زوو اور بنگلہ دیشی سیاسی رہنماؤں سمیت نجی وعوامی شعبے کے اعلی سرکاری عہدے داران، عوامی نمائندگان نیز کاروبار اور میڈیا کے شعبے کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر گوہر رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں بنگلہ دیش، چین شاہراہ ریشم فورم کے قیام کے اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کے آغاز پر تہہِ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ بی آرآئی نا صرف اس دور کا سب سے اہم اقدام ہے بلکہ یہ بنگلہ دیش کی ترقی کی ترجیحات کے حصول میں بھی بے حد سود مند ہے اور صرف بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو ہی نہیں ہم بنگلہ دیش، چین، بھارت، میانمار اقتصادی راہداری میں بھی شامل ہو چکے ہیں۔ ہمیں اس سلسلے میں کسی قسم کے کوئی تحفظات نہیں ہیں اور ہم اس اقدام کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہیں۔
چینی سفیر چانگ زوو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاست، معیشت، دفاع، زراعت، قانون کے نفاذ، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے تمام تر شعبوں میں ہمارا مکمل تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ بنگلہ دیش، چین شاہراہِ ریشم فورم بالکل صحیح وقت میں تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ وقت بہت سی کامیابیاں حاصل کرنے کا وقت ہے۔