قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کیخلاف کارروائی کرنے پر نیب کو سیاست کا رنگ دینا قومی مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے آج (اتوار) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی سے نمٹنے کاا دارہ کسی بیرونی دباؤ کے بغیر قومی مفاد میں درکار ہراقدام کرے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہاہے کہ احتساب بیورو کی طرف سے تاجر برادری کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے کسی تاجر کی رقوم کی منتقلی میں کبھی کوئی مداخلت نہیں کی تاہم نیب سرکاری عہدہ رکھنے والے سے ذرائع آمدن کے بارے میں پوچھنے کا حق رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچائے گا۔ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب عوام دوست قومی ادارہ ہے اور ہمارا کام تاجر برادری کاتحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر کو ہدایت کی کہ وہ تاجر برادری کی طرف سے ملنے والی شکایات پر فوری کارروائی کریں تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی تک کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ نیب شہریوں کے احترام پر پختہ یقین رکھتا ہے اور کسی فرد کی توہین نہیں کرتا انہوں نے کہاکہ نیب کسی فرد یا ادارے سے کوئی ہدایت نہیں لے گا۔