پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا ہے کہ چینی اور پاکستانی حکومتوں کے مابین چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت دیگر مشترکہ منصوبوں پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں چین اور پاکستان ہم نصیب معاشرے کے قیام کے لئے مل کر جد وجہد کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ایک پٹی ایک شاہراہ کا ایک اہم منصوبہ ہے، جونئے عہد کی شاہراہ ریشم یعنی ایک پٹی ایک شاہراہ کو گوادر کے ذریعے سمندری راستے سے منسلک کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستانی معیشت میں بہتری لانے میں مدد حاصل ہوئی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات ایک نئے عہد میں داخل ہوچکے ہیں، جبکہ تعاون کے اس نئے دور میں دونوں ممالک کے لئے ترقی کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔