چھبیس مئی کو چین کے شہر گوئے یان میں بگ ڈیٹا کے حوالے سے چائنا انٹرنیشنل ایکسپو دو ہزار انیس کا افتتاح ہوا۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کے نائب صدر وانگ چھن نے افتتاحی تقریب میں چینی صدر مملکت شی جن پھنگ کا تہنیتی پیغام پڑھ کر سنایا۔
وانگ چھن نے کہا کہ صدر مملکت شی جن پھنگ کا پیغام بگ ڈیٹا کے شعبے کی ترقی کی انتہائی اہمیت کا عکاس ہے اور مختلف ممالک کے درمیان تبادلے اور تعاون کے فروغ نیز بگ ڈیٹا کے شعبے کی مزید ترقی کےلیے بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
وانگ چھن کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی، سپلائی سائیڈ کے ڈھانچے کی ترتیب نو کا ایک موئثر ذریعہ، جدید معاشی نظام کے قیام کا ایک اہم حصہ اوراعلی معیاری ترقی کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ڈیجیٹل صنعت کی ترقی کی رفتار کو تیز تر بنائے گا اور ڈیٹا کے لحاظ سے ایک بڑے ملک سے آگے بڑھ کر ایک مضبوط ملک بننے کے لیےبھرپورکوشش کرے گا۔ علاوہ ازیں بگ ڈیٹا سے غربت سے نجات دلانے اورعوام کی خوشحالی کے لیے کوشش کی جائے گی۔ مختلف ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ممالک اور عوام بگ ڈیٹا کی ترقی کےثمرات سے فائدہ اٹھائیں گے۔