پاکستان اور چین نے سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی وفود کے تبادلوں سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور چین کے نائب صدر وانگ چھی شان کے درمیان اسلام آباد میں وفد کی سطح پر ہوانے والی بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سی پیک کو زراعت، صنعتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے شعبوں تک وسعت دینے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط صنعتی تعاون اور پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں چین کی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ چین کے نائب صدر نے سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی ترقی کے ایجنڈے کیلئے اپنے ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے جنوبی ایشیاء میں ہونے والی حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ Wang Qi shan نے پاکستان کی تعمیری سوچ اور ہمسائیہ ممالک کے ساتھ پُرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے نئے اقدامات کو سراہا۔ اُنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی پائیدار اور کامیاب کوششوں کو بھی سراہا اور اس سلسلے میں غیر متزلزل حمایت کو اعادہ کیا۔
اُدھر وزیراعظم عمران خان اور چین کے نائب صدر Wang Qishan نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا۔ پہلے منصوبے کے تحت تھر، پورٹ قاسم اور حب میں قائم کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں سے بھی بجلی کی منتقلی کیلئے مٹیاری اور لاہور کے درمیان 660 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔دونوں رہنماؤں نے خیبر پختونخوا میں عالمی معیار کے صنعتی بنیادی ڈھانچے کیلئے رشہ کئی خصوصی اقتصادی زون منصوبے کا سنگ بنیادی رکھا۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب یونیورسٹی میں ایک اور منصوبے Confucious Institute کا افتتاح کیا ۔ اس ادارے میں چینی تعلیم، ثقافتی ترقی اور دوسری سرگرمیوں کے تبادلے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ Huawaei ٹیکنیکل سپورٹ سینٹر کے قیام کے سلسلے میں بھی ایک تقریب ہوئی جو پاکستان میں قائم کیا جائے گا جو چین کی پاکستان میں فنی مہارت کی فراہمی کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے عزم کا مظہر ہے۔