وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے چودھویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول کے لئے سیاسی جدوجہد کررہے ہیں اور انہیں استصواب رائے کا حق ملناچاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا ٹھپہ لگانا غیرمنصفانہ اور بلاجوازہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف مظالم اور وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے اور فلسطین کا دارالحکومت القدس ہونا چاہیئے۔
عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کواسلام سے الگ کرنا ہوگا کیونکہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے تامل ٹائیگرز کے حملوں کو مذہب سے منسوب نہیں کیا۔ اسلام کے خلاف گستاخانہ مواد کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو آگاہ کیا جانا چاہیئے کہ توہین رسالت سے مسلمانوں کے جذبات کس قدرمجروح ہوتے ہیں۔