اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطین کے نصب العین کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ان تمام غیرقانونی اقدامات کی مخالفت کرتی ہے جن کا مقصد بیت القدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حقائق کو تبدیل کرنا اور دو ریاستی حل کو نقصان پہنچانا ہے۔
آج مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری کئے گئے اعلامیے میں عالمی ادارے کی طرف سے اختیار کئے گئے ہر اس مؤقف کی مذمت کی گئی جس میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے سمیت فلسطینی علاقوں پر تسلط کو طول دینے کی حمایت کی گئی ہے۔ اعلامیئے میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے وہ اپنے سفارت خانے بیت المقدس منتقل کرنے والے ممالک کے خلاف مناسب اقدامات کریں۔ اسلامی تعاون تنظیم نے مسئلے کے پرامن حل کی ایسی کسی بھی تجویز کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جو فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق سے مطابقت نہ رکھتی ہو۔ سربراہ اجلاس میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ابتر حالات کی مذمت کی گئی اور تشدد کا سلسلہ بند کرنے پر زور دیا گیا۔ تنظیم نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ سوڈان کو دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک کی فہرست نکالے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی خطے میں دہشت گردی کی کارروائیاں جہازوں کی سیکورٹی اور تیل کی عالمی رسد کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔