چینی حکومت نے دو جون کو ” چین امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورت میں چین کے مؤقف ” کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کیا۔ جس کا مقصد چین امریکہ تجارتی مشاورت کی بنیادی صورتحال سے اگاہ کرتے ہوئے چین کے مؤقف کو واضح کرنا ہے۔
وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ مارچ دو ہزار اٹھارہ میں امریکی حکومت نے یک طرفہ طور پر چین امریکہ تجارتی کشمکش کا اغاز کیا۔ اس کے رد عمل میں چین نے جوابی اقدامات اختیار کئے تاکہ اپنی قوم اورعوام کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ چین چاہتا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے آپس میں موجود اقتصادی و تجارتی تنازعات اور کشمکش کو حل کیا جائے۔ اور باہمی مفادات اور جیت – جیت کی بنیاد پر معاہدہ طے کیا جائے۔ تاہم تعاون اور مشاورت کی اپنی بنیاد اور اصول ہیں ۔ اہم مسائل پر چین اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا. چین تجارتی جنگ نہیں چھیڑنا چاہتا لیکن اس سے ڈرتا بھی نہیں ۔ اگر ضرورت پڑی تو چین اس کا مقابلہ کرے گا ۔ چین کے اس مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔