پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ برٹش ایئرویز کی 10 سال سے زائد عرصے بعد پروازوں کی بحالی دراصل پاکستان میں امن و امان کی بہترین صورت حال کی عکاسی کرتی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ پروازوں کی دوبارہ بحالی سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے-
برٹش ائرویز کی طرف سے اٹھارہ سال کے وقفے کے بعد پاکستان کیلئے اپنی پروازوں کا سلسلہ پھر شروع کیا جارہا ہے۔ لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ سے برٹش ائر ویز کی پہلی پرواز بی اے 261 کل (پیر) صبح نوبجکر25 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچے گی ، بوئنگ787 ڈریم لائنز میں240 مسافر ہاتھوں میں پاکستانی اور برطانیہ کے جھنڈے لئے آئیں گے۔ اس پرجوش موقع پر ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بارے میں معاون خصوصی ذوالفقار بخاری اور ہوا بازی ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکا م اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کا استقبال کریں گے۔ یہی پرواز مسافروں کولے کر اسلام آباد سے دن گیارہ بجکر دس منٹ پر واپس ہیتھرو کیلئے روانہ ہوگی۔ بعد میں ہوا بازی کے وزیرغلام سرورخان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور چیف کمرشل آفیسر برٹش ائرویز اینڈریو بریم اور سیکرٹری ہوا بازی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ موسم گرما کے دوران پروازوں کے شیڈول کے مطابق برٹش ائرویز ہیتھرو اوراسلام آباد کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔ برطانیہ میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہونے کے پیش نظر کمپنی کی پروازیں دونوں ملکوں کے درمیان سہل رابطہ فراہم کریں گی۔ پروازوں کی بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اقدار اور سیاحت کو فروغ ملے گا اور کاروباری مواقع میسر آئیں گے۔
فضائی سفر کیلئے نئے مرکز کے طورپر اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ ملک کے تمام حصوں کیلئے آسان رسائی فراہم کرے گا، متعدد دوسری بڑ ی فضائی کمپنیوں نے بھی اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ توقع ہے کہ مسافروں کی تعداد اور مال بردار طیاروں میں اضافے کے ساتھ ان اقدامات سے رواں سال کی قومی ہوا بازی پالیسی کے تحت ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔